جیکب آباد کی مقامی پولیس نے جمعہ کو سندھ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس جرم میں مبینہ طور پر ملوث تین پولیس افسران سمیت سات افراد کو گرفتار کر لیا۔
جیکب آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع شکارپور کے تین پولیس افسران کو چار بین الصوبائی سمگلروں سمیت بلوچستان سے صوبہ سندھ میں اسلحہ اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک بیان میں پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا کہ آپریشن کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے ہزاروں گولیاں اور دو کلاشنکوفیں برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس موبائل میں اسلحہ کی کھیپ بلوچستان سے شکارپور اسمگل کی جارہی تھی جس کی سیکیورٹی ایک بااثر شخص کو سونپی گئی تھی۔
اس سے قبل کراچی پولیس نے لانڈھی میں غیر ملکیوں کو لے جانے والی گاڑی پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں دہشت گردوں نے غیر ملکیوں کو لے جانے والی وین کو نشانہ بنایا۔ ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی نے بتایا کہ غیر ملکیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے۔