سینیٹ کے نو منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے ، جس کے بعد نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔
پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے نومنتخب ارکان آج اجلاس میں حلف اٹھائیں گے اور تمام ارکان ایوان کے نئے نگراں کا انتخاب کریں گے۔پاکستان کے وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بطور پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو ہونے کے باوجود آئینی طور پر مقررہ 3 دن میں سینیٹ کا اجلاس نہیں بلایا جا سکا۔ اس کے بعد صدر نے 9 اپریل کو سینیٹ کا پہلا اجلاس طلب کیا۔ حالیہ برسوں میں پہلی بار اراکین کی حلف برداری اور چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ایک ہی دن ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی رہنما علی ظفر نے اپنے خطاب میں رائے شماری کو ‘غیر آئینی’ قرار دیا۔اپوزیشن جماعت نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بائیکاٹ کا فیصلہ کیا جہاں پارٹی نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی ہونے کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر پر زور دیا۔