ہری پور میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما یوسف ایوب خان کو پولیس نے گرفتار کر لیا
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان ڈوئیاں میں جلسے سے واپس آرہے تھے کہ خانپور روڈ پر پولیس نے انہیں گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یوسف ایوب خان کو حکومت اور اداروں کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یوسف ایوب خان کئی مرتبہ صوبائی وزیر جبکہ 2005سے 2009تک ضلعی ناظم بھی رہے ہیں ۔
یوسف ایوب خان امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 46 اکبر ایوب خان اور امیدوار پی کے 47ارشد ایوب خان کے بڑے بھائی جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 کے امیدوار عمر ایوب خان کے چچا زاد بھائی ہیں۔
یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد سے اپنے بھائیوں اور کزن کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔