اٹلی میں وزیر دفاع نے بدھ کو کہا کہ جنگ زدہ غزہ میں زخمی ہونے والے ایک سو فلسطینی بچوں کو اطالوی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جائے گی۔
تین ماہ سے زائد اسرائیلی بمباری اور محصور فلسطینی علاقے میں لڑائی کے بعد غزہ میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ اٹلی میں وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ "غزہ کی پٹی سے 100 فلسطینی بچوں اور ان کے خاندانوں کو اطالوی ہسپتالوں تک پہنچانے کے لیے آپریشن شروع کیا جائے گا۔”
تفصیلات کے مطابق پہلے 30 بچوں کو اگلے چند دنوں میں "اٹلی اور مصر کے درمیان فضائیہ کے طیارے کے ذریعے” منتقل کیا جائے گا۔ مزید 30 بچے اس مہینے کے آخر میں ایک اطالوی فوجی بحری جہاز پر پہنچیں گے، جو جلد ہی مصر کی بندرگاہ العریش سے روانہ ہو جائے گا۔بچوں کو اٹلی کے کئی شہروں بشمول روم، بولوگنا، فلورنس اور جینوا کے ہسپتالوں میں داخل کیا جائے گا۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک آرمی فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ اس وقت شروع ہوئی جب 7 اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس نے اسرائیل کے خلاف غیر معمولی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 1,140 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری شامل تھے۔