ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر کی کوششوں سے لبنان جنگ کے خاتمے، ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
برگن اسٹاک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی کے نتیجے میں لبنان جنگ کے خاتمے کے لیے بڑی سفارتی پیشرفت ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں جاری امن مذاکرات کے دوران پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں نے خطے کو ایک بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری امریکہ ایران مذاکرات کے مشترکہ اعلامیے کو شیئر کرتے ہوئے اس پیشرفت کی تصدیق کی۔
عباس عراقچی نے پاکستان اور قطر کے کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کی کامیاب ثالثی سے لبنان جنگ کے خاتمے کے لیے ایک تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ان کے مطابق ایران کے لیے تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد طویل المدتی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ مختلف ممالک میں موجود ایران کے کچھ منجمد اثاثے بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر عائد بحری ناکہ بندی بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد ایران کی قومی ترقی اور جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ایک بڑا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
عباس عراقچی کے مطابق اس امن عمل کا پہلا اور اصل امتحان لبنان ڈیکفلیکشن سیل کا قیام ہوگا، جس پر فریقین کو عملی طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔
اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی بتایا تھا کہ برگن اسٹاک مذاکرات میں حتمی معاہدے کے باقاعدہ آغاز کے لیے مضبوط بنیاد رکھنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات کے دوران امریکہ کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد سے متعلق مثبت پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران نے امن عمل اور معاہدے کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان حتمی اور مستقل امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے 60 دن کا ایکشن پلان بھی منظور کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان اور قطر کی ثالثی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب بڑھنے کے لیے اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔


