گلگت :محکمہ موسمیات اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) نے مون سون کے دوران گلگت بلتستان میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر سکردو اور شگر اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، رواں ہفتے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، ژالہ باری، اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ خاص طور پر سکردو اور شگر کے علاقے اس خطرے کی زد میں ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے متعلق مکمل آگاہی دی جا رہی ہے تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔ نالہ جات کے قریب رہنے والے افراد کو غیر ضروری نقل و حرکت سے پرہیز کی اپیل کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ امدادی ادارے بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔