مظفرآباد: جنگلی جانوروں کا شہر وں اور آبادی کا رخ کرنے پر آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر وائلڈ لائف فشریز ترقیاتی ادارہ سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے کے لئے الرٹ رہنے کا محکمہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مختلف جگہوں پر جنگلی جانوروں کا آبادی کی جانب رخ کی رپورٹس ہیں جن میں چیتا، سور، بندر وغیرہ شامل ہیں جو مختلف جگہوں پر کئی راہ گیروں کو بھی نقصان پہنچا چکے ہیں تاہم ان جانوروں کو تحفظ پہنچانا بھی ضروری ہے۔
وزیر حکومت نے محکمہ کے اہلکاران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان جنگلی حیات کے تحفظ سمیت انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ محکمہ کے اہلکا ر متحرک رہیں اور کوئی بھی خطرناک جانور نظر آئے تو اس کی اطلاع محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو مطلع کریں تاکہ بروقت کاروائی کرتے ہوئے خطرناک جانور کو تحویل میں لیکر محفوظ کیا جائے ، کوئی بھی شہری جنگلی جانوروں کو مارنے کی کوشش نہ کرے ، یہ ہمارے جنگلات اور ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
جاوید ایوب نے کہا کہ دنیا بھر میں کسی بھی جگہ جنگلی جانوروں کو مارنے اور ان کی نسل کشی کرنے کی اجازت نہیں جنگلی حیات کا تحفظ ہمارا اولین فریضہ ہے ، جنگلی جانور اور مختلف پرندے خدا کی جانب سے خاص تحفہ ہیں ، یہ ہمارے جنگلات کا حسن بھی ہیں ، دنیا بھر سے آنے والے سیاح بھی ان جانوروں اور پرندوں کی ایک جھلک دیکھنے کو ترستے ہیں ۔جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کا تحفظ بھی اولین ترجیح ہے،بہت سارے مقامات پر جنگلی سور شہری آبادیوں کا رخ کررہے ہیں جن کی روک تھام کے لیے محکمانہ عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔