ہمارا دماغ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ سکڑنے لگتا ہے جس سے یاداشت کم ہونے لگتی ہے۔ بعض صورتوں میں انسان عملی زندگی میں بہت مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس لیے ہمیں اپنے دماغ کو عمر کے ساتھ بوڑھا ہونے سے بچانا ہے۔ یہ کام زیادہ مشکل نہیں۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ اپنے دماغ کو کیسے ہمیشہ جوان اور تندرست رکھ سکتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق دن کے وقت تھوڑی سی نیند کرنے سے دماغ کا سائز کم ہونے کی رفتارسست پڑ جاتی ہے اور دماغی کارکردگی بہتر ہونے لگتی ہے۔ یہ تحقیق یونیورسٹی کالج آف لند ن اوریونیورسٹی آف یوروگوئے کے سائنس دانوں نے کی ہے۔ تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے لوگوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے ثابت ہوا کہ دن کے وقت باقاعدگی سے قیلولہ کرنے کا دماغ کے سائز میں اضافے سے ایک براہ راست تعلق ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے اس تحقیق کے نتائج بتاتے ہیں کہ اگر لوگ دن کے وقت تھوڑی سی نیند لینا شروع کر دیں تو عمر بڑھنے کے ساتھ وہ اپنی دماغی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔
تحقیقی ٹیم کے مطابق باقاعدگی سے قیلولہ کرنے اور نہ کرنے والے لوگوں کے درمیان دماغ کے سائز میں اوسط فرق لگ بھگ ڈھائی سے ساڑھے چھ سال کے برابر تھا۔ یعنی جو لوگ دن کے وقت باقاعدگی سے قیلولہ یا تھوڑی دیر نیند کر لیتے تھے اور دن کے وقت بھی اپنے دماغ کو کچھ دیر آرام کرنے دیتے تھے ان کی دماغی عمر قیلولہ نہ کرنے والوں سے تقریباً چار گنا کم تھی۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس سلسلے میں ابھی مزید ریسرچ کی ضرورت ہے کیوں کہ دماغ کے سائز پر پیدائش کے وقت جینز، اور زندگی گزارنے کے انداز بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
جب ہم سوتے ہیں تو ہمارا دماغ معلومات کو یاد کرتا اور ان پر کام کرتا ہے۔ ہمارا جسم اپنی مرمت کرتا ہے جس سے ہم جاگنے کے بعد صحیح طرح سے کام کر سکتے ہیں۔نیند سے محرومی ہماری صحت کو متاثر کرتی ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوپہر کے وقت تھوڑی سی نیند ڈیمنشیا اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بچا سکتی ہے۔