بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آج کھیلے جانے والے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دونوں میچز ملتوی کر دیے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز اعلان کیا کہ سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر قومی سوگ کے پیشِ نظر آج ہونے والے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دونوں میچز منسوخ کر دیے گئے ہیں.
آج پہلا میچ سلہٹ ٹائٹنز اور چٹاگانگ رائلز کے درمیان سلھٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، جبکہ دوسرا میچ ڈھاکہ کیپیٹلز اور رنگ پور رائیڈرز کے درمیان شیڈول تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیگم خالدہ ضیا نے اپنے دورِ حکومت میں بنگلہ دیش میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری اور کھیل کی ترقی میں ان کی حمایت ناقابلِ فراموش ہے۔
بی سی بی کے مطابق منسوخ ہونے والے میچز کو بعد میں دوبارہ شیڈول کیا جائے گا، جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


