پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شائقین کرکٹ آج سے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی نشستیں بک کر سکیں گے۔
فزیکل ٹکٹوں کی دستیابی 28 اپریل بروز منگل کو صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ سینٹرز پر یقینی بنائی جائے گی۔
ٹکٹوں کی قیمتیں 1500 روپے سے 12000 روپے کے درمیان رکھی گئی ہیں۔ کمپلیمنٹری ٹکٹوں کی کیٹیگری مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
کرکٹ فینز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ میچ کے روز قذافی اسٹیڈیم میں شام 6 بج کر 30 منٹ تک پہنچ جائیں تاکہ وہ فائنل سے قبل منعقد ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔
وی وی آئی پی انکلوژر (وقار یونس) کی نشستیں 8 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی جبکہ جناح اینڈ پر واقع ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ 10 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔
اسی طرح پی سی بی گیلری کے ٹکٹ سب سے مہنگے یعنی 12 ہزار روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔
وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان)کے ٹکٹ 6 ہزار روپے کے رکھے گئے ہیں جبکہ پریمیم انکلوژرز (راجہ اور سعید انور) کے لیے 4 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
مزید برآں حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق کے جنرل انکلوژرزکے ٹکٹ کم از کم 1500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔


