فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے ایبٹ آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے خواتین اور کم سن بچوں کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حاشر، اظہر اقبال اور محمد عمر کے نام سے ہوئی ہے۔ انہیں ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ حاشر ارشد نے فیس بک پر نابالغوں کی قابل اعتراض تصاویر شیئر کیں اور اس کے متعدد جعلی فیس بک اکاؤنٹس تھے۔ اسی طرح اظہر اقبال اور محمد عمر نے متاثرہ خواتین کی قابل اعتراض تصاویر شیئر کیں، ان کا کہنا تھا کہ ملزمان گزشتہ کئی ماہ سے شکایت کنندگان کو بلیک میل کر رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے تین موبائل فون اور ایک آئی پیڈ برآمد ہوا۔ ان کے موبائل فون سے قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں سے بھی خفیہ تفتیش جاری ہے۔
ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایبٹ آباد کے بعد ایف آئی اے کو ہری پور پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے جہاں محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت نے ایف آئی اے کو امداد کے لیے متعدد درخواستیں جمع کرائی ہیں۔