پشاور: امیر جمیعت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے سابق سینیٹر الیاس بلور کے انتقال پر ان کے بھائی غلام بلور اورخاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیاس بلور خطے کے سیاسی رہنما اور سماجی شخصیت تھے ،الیاس بلور کی وفات پر گہرا صدمہ ہوا ۔
الیاس بلور کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا علم نہیں کل برطانیہ سے آیا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کرب سے گزر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت کی ساری توجہ سیاست پر ہے۔ حکومت قیام امن پر نہیں بلکہ سیاست کو فوکس کی ہوئی ہے جو غلط ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا 15 سال سے سکیورٹی کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے ، حکومت لوگوں کی جان و مال کی بجائے اپنی سیاست اور کرسی بچانے میں لگی ہے،حکومت اپنی توانائیاں غیر سیاسی چیزوں میں صرف کررہی ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے شق نمبر 8 کو نکال دیا گیا، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی کی جارہی رہی ہے،ملک میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، آج کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک حراست میں رکھ سکتے ہیں، ایسی قانون سازی کر کے لوگوں کو اپنے ہی ملک میں مشکوک بنادیا گیا ہے۔