وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بشام واقعے کی مذمت کی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔ ایمریٹس ایئر لائن کی پہلی پرواز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے پائلٹ نے اڑائی۔
شیخ زید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ تجارت اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔