وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم معجزہ ہے، پاکستان کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے، علمائے کرام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں ۔
اسلام آباد میں پاکستان رب ذوالجلال کا احسان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج میرے لیے انتہائی عزت کا مقام ہے، پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے رمضان کے بابرکت مہینے میں عطا کیا، پاکستان کا قیام کسی بھی حوالے سے معجزے سے کم نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج 77 سال بعد ہم اس بابرکت مہینے میں یہاں جمع ہیں اور میں سمجھتا ہوں اس کا تقاضا یہ ہے اور پوری قوم پکار پکار کر تقاضا کررہی ہے کہ آئیں ہم یک جان اور دو قالب ہوجائیں، اور اتحاد اور اتفاق کی برکتوں کے ساتھ پاکستان کو درپیش مسائل کو حل کریں، اتحاد اور اتفاق سے ہی پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکتا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ چاہے وہ چاہے وہ معاشی مسائل ہیں، معاشرتی مسائل ہیں یا دہشت گردی ہے، ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اس میں حصہ ڈالے ۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے غلط معلومات سے معاشرے میں تقسیم در تقسیم پیدا ہورہی ہے، غلط معلومات اور پروپیگنڈے کےخلاف علما مثبت سوچ اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کریں، اور علما پر بڑی ذمے دار عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی کردار ادا کریں
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان قربانیاں دے رہی ہیں، مگر ملک کے اندر تفریق ہے، اور ذاتی مفادات کے لیے ملکی مفادات کو قربان کرنے کی ایک سوچ ہے، مگر آج بھی موقع ہے اگر ہم یہ فیصلہ کرلیں کہ ہم پاکستان کے وسیع تر مفاد کی خطر اپنی تمام ذاتی خواہشات اور انا کو پاکستان کے تابع کردیں گے، اس سے بڑی پاکستان کی کوئی اور خدمت نہیں ہوسکتی ۔