پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
زرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کرنے والے درخواست گزاروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی درخواست پر جسٹس کامران حیات میاں خیل آج ہی سماعت کریں گے۔ یاد ریے کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ پی ٹی ائی انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کرنے والے پارٹی ممبر ہی نہیں اور الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان بلا بھی واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ الیکشن کمیشن کے پاس پارٹی انتخابات کرانے کے طریقے پر فیصلے کا اختیار نہیں لہٰذا تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تحریک انصاف نے عدالت سے سینئر ججز پر مشتمل بینچ بنانے اور درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔