اسلام آباد کی مارگلہ ہلز سے لاپتہ ہونے والے 16 سالہ لڑکے کی لاش پیر کو برآمد کر لی گئی۔
اے پی ایس سکول آرڈیننس روڈ کے 6 لڑکے اسلام آباد کی ٹریل 5 پر ہائیکنگ کے لیے گئے تھے، تاہم طحہٰ نامی طالب علم اتوار کو لاپتہ ہو گیا. سرکاری شکایت کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ بعد ازاں پیر کی صبح لاش ایک کھائی سے ملی۔
لاش کو محکمہ جنگلات اور ماحولیات کے عملے نے تلاش کیا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ طحہٰ کے لواحقین لاش کی شناخت کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑکا کھائی میں پھسل کر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔قبل ازیں طحہٰ کے والد نے ایک رپورٹ درج کرائی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے بیٹے کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنے پانچ دوستوں کے ساتھ پیدل سفر کے لیے گیا تھا۔