اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے، ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے.
موسم سرما میں توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس او، سوئی سدرن اور پارکو کے ذریعے شفاف اور مسابقتی انتظام کے ذریعے سپلائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فیول سبسڈی سکیم کے تحت 28 ارب روپے جاری کرتے ہوئے اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد براہ راست اس سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عام آدمی پر ڈالنے کے بجائے ریفائنریز کو اپنے ونڈ فال پرافٹ میں شامل کر کے یہ بوجھ اٹھانے کا پابند کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں ملک سے اس عفریت کا خاتمہ ہو چکا تھا، بدقسمتی سے بعد کے واقعات کی وجہ سے اس ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان یقینی بنانے اور ترقی کے لیے 160 ارب کا پیکیج منظور کیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خطے کی صورتحال کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے، عالمی امن و استحکام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وفد کی بات چیت انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔


