سائنس دانوں نے خلا میں ایک ایسے سیارے کا سراغ لگایا ہے جو کسی ستارے کے گرد گردش نہیں کرتا بلکہ تنہا کائنات میں سفر کر رہا ہے۔ ایسے سیاروں کو ’’آوارہ‘‘ یا ’’فری فلوٹنگ‘‘ سیارے کہا جاتا ہے۔
ماہرین نے اس سیارے کو مائیکرو لینسنگ کے ذریعے دریافت کیا، جس میں کسی شے کی کششِ ثقل پیچھے موجود ستارے کی روشنی کو عارضی طور پر بڑھا دیتی ہے۔
زمین اور خلا میں موجود دوربینوں کے مشاہدے سے سائنس دان اس سیارے کا وزن معلوم کرنے میں کامیاب ہوئے، جو مشتری کے وزن کا تقریباً 22 فیصد ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ سیارہ کبھی کسی سیاروی نظام کا حصہ رہا ہوگا، لیکن بعد میں کششِ ثقل میں تبدیلیوں کے باعث وہاں سے الگ ہو گیا۔
یہ آوارہ سیاروں کی اب تک کی چند ہی دریافتوں میں سے ایک ہے، تاہم مستقبل میں ناسا کی نینسی گریس رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ایسی مزید دنیاؤں کی تلاش کی توقع ہے۔


