خانپور کا مشہور اور لذیذ ریڈ بلڈ مالٹا اور شکری مسمی باغات میں پک کر تیار ہو گئے ہیں اوران کے ذائقے سے لطف اندوز ہونے کیلئے ملک بھر سے عوام جوق درجوق خانپور کا رخ کررہے ہیں۔ کے ٹو ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق خانپور کا مشہور ریڈ بلڈ مالٹا لذت اور منفرد ذائقے کے باعث پھلوں میں اپنی الگ پہچان اور اہمیت کا حامل ہے اور اسے ترش پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ اگر کبھی آپ خان پور کا رخ کریں تو پہاڑوں میں ان مالٹوں سے لدے باغات اور سجے ہوئے سٹال ایک دلفریب منظرپیش کرتے ہیں۔
ان مالٹوں کی اقسام میں ریڈ بلڈ مالٹا، چکوترا، گرے فروٹ اور شکری مسمی شامل ہیں۔ باغبان مہمانوں کیلئے باغ سے تازہ مالٹے توڑ کرپیش کرتے ہیں۔ باغ میں بیٹھ کر کھانے اور تازہ جوس نکال کر پینے کا بھی خصوصی انتظام کیاجاتا ہے۔ لوگ یہ مالٹے اپنے عزیزوں کیلیے بطورتحفہ لے کر جاتے ہیں جبکہ ہر سال ریڈ بلڈ مالٹا شکری مسمی اورچکوترا ٹنوں کے حساب سے ملک وبیرون ملک بھجوایاجاتا ہے۔
ماہرین طب انہیں لذت آمیز ہونے کیساتھ ساتھ شوگر، معدے اور جگر کی بیماریوں اورخون کی صفائی کے حوالے سے مفید اور بہترین علاج قرار دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ ایک درخت کے ساتھ 1600 سے 2 ہزار تک مالٹے لگتے ہیں۔