پنجاب پولیس کے اہلکاروں پر دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب (سی ایم) مریم نواز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام) اور دیگر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ اقدام حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پنجاب پولیس کے افسران اور خواتین اہلکاروں کی متعدد ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
پنجاب حکومت نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ٹک ٹاک اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان احکامات کے بعد پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے افسران اور ملازمین کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کی پالیسی جاری کر دی۔ پولیس حکام نے متنبہ کیا کہ وردی میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی کی ہدایت پر اے آئی جی آپریشنز نے سوشل میڈیا پالیسی کے لیے گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) یا یونٹ ہیڈ کی اجازت کے بغیر کسی بھی سوشل میڈیا سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔
پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر ذاتی، سیاسی یا مذہبی خیالات شیئر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پولیس سے متعلق سرکاری سرگرمیاں صرف ڈی پی او یا یونٹ ہیڈ کے زیر انتظام سرکاری چینلز کے ذریعے بتائی جائیں گی۔
پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نجی افراد کو سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے پولیس کی گاڑیوں یا دفاتر کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب پولیس کے اہلکاروں پر دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔