خنجراب پاس امیگریشن آفس کے داخلی اور خارجی راستے دوسرے روز بھی مظاہرین نے بند کر دیے، جس کے باعث سیکڑوں چینی شہری، غیر ملکی سیاح اور طلبہ سست میں پھنس گئے ۔
گلگت: سرکاری حکام کے مطابق بڑی تعداد میں چینی شہری اور غیر ملکی سیاح پاکستان اور چین کے درمیان سفر نہ کر سکے کیونکہ گلگت بلتستان کے مظاہرین نے قراقرم ہائی وے پر آمدورفت کی اجازت نہیں دی ۔
پھنسے ہوئے چینی شہریوں اور سیاحوں نے مقامی پولیس سے شدید احتجاج کیا اور ان کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی، مظاہرین کی جانب سے حکام پر روانگی کے انتظامات نہ کرنے پر نکتہ چینی کی گئی ۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے عوام اور تاجروں نے گزشتہ 51 دنوں سے قراقرم ہائی وے پر دھرنا دے رکھا ہے ۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جی بی کے عوام سے سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور ایکسائز ٹیکس وصولی غیر قانونی ہے ۔