آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اے جے کے میں 6 ماہ کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے الیکشن میں اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آزاد کشمیر میں اب پی ٹی آئی ختم ہوگئی ہے ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بھارت مقبوصہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ظلم کر رہا ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور عالمی برادری مقبوصہ کشمیر میں مودی کے مظالم بند کرائے ۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمارا مقابلہ مسلم لیگ (ن) سے ہوگا، کسی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آزاد کشمیر میں اب پی ٹی آئی ختم ہوگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 6 ماہ کے بعد الیکشن کروائیں گے، پیپلز پارٹی سندھ کے بعد آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ مضبوط ہے ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں وہ کام کیے ہیں جو پچھلے 4 سال میں نہ ہو سکے، ہم نے عوام کے ساتھ رابطہ بحال کیا ہے، آج پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوام کی سب سے بڑی قوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم گالی نہیں دیتے، لوگوں کے راستے بند کرنے نہیں کھولنے آئے ہیں، کیا ریاست کے حالات کو افراتفری کی طرف لے کر جانا ٹھیک ہے، جب ریاست آپ کے ساتھ بیٹھ رہی ہے تو آپ بیٹھنے سے کیوں گھبرا رہے ہیں ۔


