آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اعلان کیا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جائے گا، جس سے بھارت کو واضح پیغام جائے گا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی عوام آزادی کی جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے دوران وزیر اعظم انوار الحق نے 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا. کانفرنس کے دوران جموں و کشمیر میں غیر قانونی بھارتی قبضے کے تحت رہنے والے مظلوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور دیگر پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم انوار الحق نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے اقدامات اور بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آزاد جموں و کشمیر مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔