پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے، سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بمبار سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 3 ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں ۔
پشاور: سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق صدر کوہاٹ روڈ پر فیڈرل کانسٹبلری کے ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکُش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، ایک بمبار نے خود کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا ۔
ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ ایف سی اہلکاروں نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، اس دوران 3 ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے ۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے ۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا ۔
سی سی پی او میاں سعید نے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا ۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ 2 بمبار ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونا چاہتے تھے، جنہیں اہلکاروں نے گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا، اس دوران ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے، جب کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے ۔
وزیراعظم کی مذمت: ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں ۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے ۔
وزیر داخلہ کا سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین: ۔
دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا، حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں ۔


