اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کو 15 دن کے اندر گھر میں نظر بند کرنے کا حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے حکم دیا کہ پرویز الٰہی کو 15 دن کے اندر سب جیل منتقل کیا جائے اور ان کی عمر (78) اور صحت کے مسائل کو دیکھتے ہوئے نظر بند رکھا جائے۔
عدالت نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ پرویز الٰہی کو گھر میں نظربندی کے دوران مناسب طبی نگہداشت اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پرویز الٰہی کو اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ان کی طبیعت بگڑنے پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جایا تھا۔واضح رہے کہ پرویز الٰہی کی 17 مارچ کو اڈیالہ جیل کے واش روم میں پھسلنے سے ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔