پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی، قیادت سے غداری اور پارٹی پالیسی کے خلاف اقدامات کرنے والے 12 منحرف اراکین اسمبلی کو باضابطہ طور پر پارٹی سے نکال دیا ۔،اس فیصلے کا اعلان پارٹی قیادت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا ۔
گلگت( ندیم خان ) تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارٹی سے نکالے گئے اراکین میں موجودہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان سمیت وزیر داخلہ، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں ۔
جن میں نکالے گئے اراکین کی فہرست میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان، شمس الحق لون، راجہ اعظم، عبدالحمید، امجد زیدی ،حاجی شاہ بیگ ، ثریا زمان، راجہ ناصر مقپون ، رکن گلگت بلتستان اسمبلی مشتاق احمد، دلشاد بانو اور فضل رحیم کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی ہے ۔
اعلامیے کے مطابق مذکورہ اراکین پر درج ذیل الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینا اور فارورڈ بلاک تشکیل دینا ہے ۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ان اراکین کو تحریک انصاف کے نام، جھنڈے یا کسی بھی قسم کے عہدے کے استعمال سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔ بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے مطابق یہ اقدام پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کی قربانیوں کے تحفظ، ڈسپلن کی بحالی اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر تھا ۔
ترجمان نے کہا کہ پارٹی نظم و ضبط سے کسی قسم کی روگردانی برداشت نہیں کرے گی اور اصولوں کی بنیاد پر ہی سیاست کو آگے بڑھایا جائے گا ۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی اسمبلی اپنی مدت 26 نومبر کو مکمل کرے گی ۔