بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجینس کی بنیاد پر کارروائی کی ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کارروائی میں دہشت گردوں کا مقامی کمانڈر فاروق عرف سورو، عدیل اور وسیم ہلاک ہوگئے ۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا اور ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔
علاقے میں مزید کسی دہشت گردی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کارروائی جاری ہے، آئی ایس پی آرنے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب کی منظور کردہ عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک سے بیرونی سپانسرڈ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور انداز میں مہم جاری رہے گی ۔


