وزیر خزانہ محمد اورنگزیب واشنگٹن میں ہیں جہاں انہوں نے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ڈونلڈ لو سے ملاقات کی ۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے امریکی حکام کو اسلام آباد کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ دونوں اطراف نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے متبادل توانائی، زراعت، آب و ہوا کے مسائل اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اورنگزیب نے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کا مقصد یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ وزیر نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENAP) کے وزراء اور گورنرز کی IMF کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ میٹنگ میں بھی شرکت کی، جس میں IMF، کثیر جہتی ترقیاتی بنکوں اور دو طرفہ شراکت داروں کا مشکل وقت میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اصلاحات کا ایجنڈا پیش کیا، جس میں ٹیکس کی بنیاد کو بڑھانا، خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری، سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو بڑھانا، اور نجی شعبے کو فروغ دینا شامل ہے۔