پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ انتظام رینجرز پبلک اسکولوں میں یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ تقریبات میں طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔
ان تقریبات کا مقصد طلبہ و طالبات میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر رینجرز پبلک اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے تقاریر اور پوسٹرز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے جبر و تسلط کو اجاگر کیا۔
کشمیری عوام کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا، طلبہ و طالبات نے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار پر مبنی نعرے درج تھے۔
یومِ یکجہتیِ کشمیر کی تقریبات کا اختتام کشمیر کی آزادی اور مظلوم کشمیری عوام کے حق میں خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔