اسلام آباد: پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت کو آئندہ دو سال میں 13.9 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ، براہ راست فضائی رابطوں کے قیام اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس بات کا اظہار وزیراعظم محمدشہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے تجارت، دفاع، صحت، تعلیم، ٹیکنالوجی، سیاحت، نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تاریخی روابط اور باہمی دوستی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تجارت، دفاعی تعاون، تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالدیپ کے متعدد طلبہ پاکستان کی جامعات اور کالجوں میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں خصوصاً صحت کے شعبے میں پاکستانی تعلیمی اداروں نے مالدیپ کے طلبہ کو مواقع فراہم کیے ہیں۔
باہمی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت تقریباً 250 پاکستانی ڈاکٹرز اور طبی عملہ مالدیپ کے مختلف علاقوں میں انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں.
پاکستان مستقبل میں بھی اس تعاون کو مزید وسعت دینے اور مالدیپ کی ضروریات کے مطابق معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ نے 20 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ کیا ہے جو دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان معاہدوں کو محض دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے بروقت فیصلوں اور تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ کرنا ان کیلئے باعث مسرت اور اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 60 سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ6دہائیاں گرمجوش دوستی، مشترکہ عقیدے، باہمی تفہیم اور مشترکہ نقطہ نظر کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دہائی کے وقفے کے بعد ان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کو ماضی کی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور مستقبل کی شراکت داری کیلئے نئی سمت متعین کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔


