پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے. 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال ہوگئے، بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز آج ڈھاکہ سے کراچی کے لیے روانہ ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق یہ پہلی براہ راست پرواز آج رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی، جس سے ڈھاکا اور کراچی کے درمیان معطل ہوائی راستہ بحال ہو جائے گا۔ یہ پرواز ڈھاکا سے رات 8:00 بجے روانہ ہوگی۔ پرواز بی جی-341 سے تین گھنٹے کا سفر طے کر کے رات 11:00 بجے کراچی میں لینڈ کرے گی۔ بنگلہ دیش ایئر لائنز کی افتتاحی پرواز کے استقبال کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر مخصوص انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس اقدام سے دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں بہتری آئے گی اور تجارتی و کاروباری روابط کو بھی فروغ ملے گا۔ ابتدائی مرحلے میں ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی، جو جمعرات اور ہفتہ کے روز آپریٹ ہوں گی۔ براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی سے مسافروں کے سفر کا دورانیہ اور اخراجات نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔ دونوں ممالک کے عوام نے دونوں حکومتوں کی جانب سے اس احسن اقدام کو سراہا ہے۔


