وادی نیلم میں موٹر سائیکل کے دو مختلف حادثات میں چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
وادی نیلم میں دو مختلف موٹر سائیکل حادثات کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ دودھنیال بٹنگی کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک موٹر سائیکل اور ٹرک میں تصادم ہوا۔ اس حادثے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسرا حادثہ خواجہ سیری کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل کھائی میں گر گئی، جس کی وجہ سے مزید دو نوجوان زخمی ہوگئے۔زخمیوں کا تعلق دودھنیال اور شاردہ سے ہے۔ زخمیوں میں ارشد ولد رشید ساکن بٹنگی، کامل ولد علی زمان ساکن دودھنیال، چوہدری عمر، اور چوہدری ساجد ساکنان شاردہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام اور آر ایچ سی شاردہ منتقل کر دیا گیا ہے،جبکہ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔خواجہ سیری کے حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان ساجد چوہدری کے بازو اور ٹانگ میں فریکچر ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے دونوں حادثات کے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے میں مدد فراہم کی۔ماہرین کے مطابق بالائی وادی نیلم میں شاہراہ نیلم پر سیفٹی گرل کی عدم موجودگی کے باعث ایسے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔