پاکستان میں جدید ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے فروغ کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے، اسلام آباد سے مری کے درمیان ایئر ٹیکسی سروس متعارف کرانے کی تیاری مکمل کی جا رہی ہے، جو پاکستان اور چین کے باہمی اشتراک سے شروع کی جائے گی ۔
اسلام آباد:(افضل شاہ یوسفزئی) ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ جدید فضائی ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا، جس کا مقصد دارالحکومت اور ملک کے اہم سیاحتی مقام مری کے درمیان سفر کو تیز، محفوظ اور آرام دہ بنانا ہے ۔
ایئر ٹیکسی کے ذریعے مسافر چند منٹوں میں پہاڑی علاقوں اور دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر ٹیکسی سروس نہ صرف سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوگی ۔
ایئر ٹیکسی سروس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے ۔
دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک میں ایئر ٹیکسی سروس پہلے ہی متعارف کروائی جا چکی ہے۔ دبئی میں یہ سہولت کامیابی سے چل رہی ہے، جہاں شہری فضائی ٹیکسی کے ذریعے کم وقت میں مختلف مقامات تک پہنچ رہے ہیں، اسی ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی اس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے مری ایئر ٹیکسی سروس کا باقاعدہ آغاز 2026 میں متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک اور عملی مظہر ہوگا اور ملک میں جدید سفری سہولیات کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔


