اسلام آباد/ مظفرآباد: ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر عام تعطیل ہے جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقریبات، ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے ۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کا احترام کرنا چاہیے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں، اور پاکستان ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے، جبکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزراء نے اپنے بیانات میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کے مظالم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزراء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔