پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نثار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو آئی ٹی بورڈ کی مجموعی کارکردگی، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا پالیسی 2030، نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرامز اور مختلف تربیتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈیجیٹل گورننس، آئی ٹی پارکس، دستک ایپ، خیبر پاس، پامیر پیمنٹ گیٹ وے، آئی ٹی ٹریننگ، ڈیجیٹل سروس ڈیلیوری اور مستقبل کے منصوبوں، ترجیحات اور اہداف سے بھی آگاہ کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں آن لائن ادائیگیوں کا مؤثر، شفاف اور مربوط نظام متعارف کرانا ناگزیر ہے۔
جب کیش لیس نظام کے فروغ کی بات کی جا رہی ہے تو سرکاری اداروں میں نقد ادائیگیوں کا نظام برقرار رکھنے کا کیا جواز ہے؟
گورنر کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام کے فروغ سے عوام کو درپیش متعدد مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
سرکاری امور میں شفافیت اور سہولت کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
اس مقصد کے لیے آئی ٹی بورڈ کو مؤثر اقدامات اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔


