اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں میڈیا اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایٹم ایکس ڈائیلاگ کے تحت اہم نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کو تعلیمی تعلیم کے ساتھ عملی تربیت اور میڈیا انڈسٹری میں کام کا تجربہ فراہم کرنے کے مختلف امکانات پر غور کیا گیا۔
نشست میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خیبر اکیڈمی فار میڈیا ٹیکنالوجیز (کام ٹیک) کی جانب سے میڈیا انڈسٹری کی موجودہ ضروریات، طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور اکیڈمیا و انڈسٹری کے درمیان مؤثر روابط کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبر نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، خیبر ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کام ٹیک کے بانی کیوان حامد راجہ نے شرکاء کو کام ٹیک کے قیام کے مقاصد، اس کے سفر اور ایٹم کونسل کے وژن سے آگاہ کیا۔

کیوان حامد راجہ نے کہا کہ موجودہ دور میں یونیورسٹی کے طلبہ کو صرف کتابی اور نظریاتی تعلیم تک محدود رکھنا کافی نہیں۔ انہیں دورانِ تعلیم عملی میدان سے جوڑنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ڈگری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ماحول، صنعت کی ضروریات اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی واقف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ براڈکاسٹنگ، میڈیا پروڈکشن اور دیگر متعلقہ شعبوں میں طلبہ کو براہِ راست عملی تجربہ فراہم کرنے سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور انہیں عملی زندگی میں بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
نشست کے دوران اس بات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی کہ کام ٹیک اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے موجودہ وسائل، سہولیات اور تجربات کو باہمی تعاون کے ذریعے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے اور طلبہ کے لیے عملی تربیت کے نئے مواقع کیسے پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ میڈیا کے سربراہ ڈاکٹر انعام الرحمٰن نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمیا اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان اس نوعیت کا تعاون طلبہ کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے طلبہ کو عملی میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے مزید مواقع ملیں گے۔

فیکلٹی آف سوشل سائنسز، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر منظور خان آفریدی نے بھی کام ٹیک کے اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اشتراک کے ذریعے طلبہ کو براڈکاسٹنگ اور میڈیا کے حقیقی اور عملی ماحول سے روشناس کرایا جا سکتا ہے۔

کیوان حامد راجہ کا کہنا تھا کہ نشست کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو مشترکہ طور پر بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لینا اور طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

نشست میں مستقبل میں کام ٹیک اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان باقاعدہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے مشترکہ منصوبوں اور سرگرمیوں کو عملی شکل دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مجوزہ تعاون کا مقصد طلبہ کو ڈگری کے ساتھ عملی تربیت، میڈیا انڈسٹری ایکسپوژر اور جدید براڈکاسٹنگ و میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ مواقع فراہم کرنا ہے۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ اکیڈمیا اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط ہی ایسی افرادی قوت تیار کرنے میں مدد دے سکتے ہیں جو تعلیمی قابلیت کے ساتھ عملی مہارت بھی رکھتی ہو۔


