پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اگر یہ میچ نہ کھیلا گیا تو صرف براڈکاسٹرز کو ہی تقریباً 140 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل بھارت میں شدید ہلچل پائی جا رہی ہے۔ 15 فروری کو شیڈول پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کی صورت میں بھارتی بورڈ، آئی سی سی اور کمرشل پارٹنرز کو بڑے مالی نقصان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر پاک بھارت میچ منعقد نہ ہو سکا تو بھارتی براڈکاسٹرز کو تقریباً 500 ملین ڈالر، یعنی 140 ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے، جس میں براڈکاسٹ رائٹس، اسپانسرشپس اور میچ ٹکٹس کی مد شامل ہے۔
اس کے علاوہ کمرشل اور اشتہارات کی مد میں بھی تقریباً 84 ارب روپے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ آئی سی سی اور دیگر عالمی اسٹیک ہولڈرز کو 70 ارب روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس میچ کے لیے 10 سیکنڈ کے کمرشل کی قیمت ایک کروڑ روپے سے لے کر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی تھی۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی ردعمل کے طور پر پاکستان کا سالانہ 34 ملین ڈالر کا حصہ روکنے پر بھی غور کر سکتی ہے۔


