آزاد کشمیر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں کہا گیا کہ آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ریاست میں حالات خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا ۔
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران اے پی سی کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا ۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ آپریشن بنین مرصوص اور معرکہ حق کی فتح نے تحریک آزادی کشمیر کو مزید تقویت دی اور مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر ہوا ہے ۔
تمام سیاسی قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریکِ آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی ہر سازش کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا ۔
سیاسی جماعتوں نے عوامی مسائل کے حل اور ریاستی مفاد کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔
اے پی سی کے مطابق عوامی مفاد سے متعلق فیصلوں پر کسی بھی فورم یا دباؤ گروپ کو اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ 21 ستمبر سے مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، جس کا پہلا جلسہ راولا کوٹ میں منعقد ہوگا ۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین، راجا فاروق حیدر، سردار تنویر الیاس اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔