پاکستان کے نامور اداکار عمران اشرف کی پہلی بین الاقوامی پنجابی فلم "اینا نوں رہنا سہنا نہیں آوندا” ریلیز کر دی گئی۔ اس فلم کا رنگا رنگ پریمیئر لاہور کے مقامی سینما میں ہوا جس میں شوبز کی مشہور شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔
پریمیئر میں شریک ہونے والوں میں معروف اداکار ناصر چنیوٹی، سہیل احمد، راشد محمود، ہنی البیلا، اسما عباس، عون علی، ذیشان روکھڑی، بلال سید، سخاوت ناز، خلیل الرحمٰن قمر اور اشرف خان سمیت متعدد فنکار شامل تھے۔ فلم کی شاندار کاسٹ میں عمران اشرف اور ناصر چنیوٹی کے ساتھ ساتھ بھارتی گلوکار و اداکار رنجیت باوا اور سپنا بھی موجود ہیں۔
اس موقع پر عمران اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم پاکستانی عوام کے لیے ایک خوبصورت تحفہ ہے۔ ان کے مطابق فلم مکمل تفریح سے بھرپور ہے اور انہوں نے اس میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ فلم کا دوسرا حصہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔
پریمیئر میں موجود دیگر فنکاروں نے بھی عمران اشرف کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی فنکار نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ شرکاء کے مطابق عمران اشرف نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک ملٹی ٹیلنٹڈ سپر اسٹار ہیں، جو اب بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔