اسلام آباد، مسلسل بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس پر ڈیم انتظامیہ نے فوری اقدام کرتے ہوئے راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے ہیں ۔
ترجمان راول ڈیم کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد سے تجاوزکر رہی تھی جس کے پیش نظر اضافی پانی کے اخراج کے لیے اسپل وے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
شہری انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے راول ڈیم میں پانی کا بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ادارے الرٹ ہیں ۔