کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈرائیور زخمی ہوگیا، جبکہ دیگر مسافروں کو یرغمال بنائے جانے کی بھی اطلاع ہے ۔
منگل کی صبح ساڑھے نو بجے ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جب ٹری بولان میں پیرو گنڈری کے علاقے سے گزری تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا جبکہ علاقے میں ابھی فائرنگ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
یہ مچھ کی پہاڑیوں کا درمیانی علاقہ ہے جسے سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے میں موبائل سروس موجود نہیں ۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ واقعے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور دہشت گردی کا شاخسانہ ہونے کا امکان ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں، سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں ۔
ریلوے پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریل وہیں روک دی گئی ہے، ٹرین میں کم از کم 600 سے 700 مسافر سوار ہیں، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے ۔