گلگت بلتستان میں امیر اہلسنت و الجماعت گلگت بلتستان مولانا قاضی نثار کے قافلے اور جسٹس عنایت الرحمن کی گاڑی پر حملے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، آئی جی پولیس افضل محمود بٹ نے کہا ہے کہ دونوں حملوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
گلگت( ندیم خان) گلگت بلتستان میں سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان حسین اصغر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس افضل محمود بٹ نے بتایا کہ حملے کے سہولتکار گرفتار ہوئے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی چاروں گاڑیاں پولیس کے قبضے میں ہیں،گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔
آئی جی گلگت بلتستان نے کہا کہ روپوش دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، پولیس اور دیگر فورسز کا ٹارگٹ آپریش جاری ہے ۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ جوابی کاروائی میں زخمی دہشت گرد کی نعش سلطان آباد کے ایک نالے سے برآمد ہوئی ہے ۔
افضل محمود بٹ نے مزید بتایا کہ مولانا قاضی نثار کے قافلے پر حملہ آوروں کی تعداد 6 سے 8 تک تھی، دہشت گردوں کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں ۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکریٹری داخلہ حسین اصغر نے کہا کہ چیف کورٹ گلگت بلتستان کے سینئر جج جسٹس ملک عنایت الرحمن کے کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی بھی نشاندہی ہوئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں ترتیب دی گئی ہیں، گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔
سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان حسین اصغر کا مزید کہنا تھا کہ بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔