غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں ن لیگ، کے پی میں آزادامیدوار، سندھ، بلوچستان میں پی پی نے میدان مارلیا۔
گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی پارٹی بن گئی۔ صوبے کی 297 میں سے 144جنرل سیٹیں مسلم لیگ ن نے حاصل کیں۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 129نشستیں لے کر صوبے میں دوسرے نمبر پر آگئے ۔ پیپلز پارٹی 10سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ دیگر پارٹیوں کے امیدوار 12نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔سندھ میں پیپلز پارٹی 130میں سے 84جنرل نشستیں جیت کر صوبے میں دوبارہ حکومت بنانے کے قابل ہو گئی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان 27سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر ہے ۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امید وار 14نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ دیگر جماعتوں کے 7ارکان بھی سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 115میں سے 90جنرل نشستیں جیتی ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے 7 امیدوار جیت کر دوسرے نمبر پر ،مسلم لیگ ن 5 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، دیگر جماعتوں کے امیدوار 9 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔بلوچستان میں پیپلز پارٹی 51میں سے 11جنرل نشستیں جیت کر صوبے کی بڑی جماعت بن گئی ہے، جمعیت علمائے اسلام 10سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر ،مسلم لیگ ن کے امیدوار 8نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ دیگر جماعتوں کے 19ارکان رکن منتخب ہوئے ہیں