مسافروں کے سامان سے جعلی سفری دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔3 مسافروں کو ایجنٹ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ پر بڑی کاروائیاں کی۔جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافروں کو ایجنٹ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان میں توصیف، شہروز علی، جعفر حسین اور ایجنٹ اظہر حسین شامل ہیں۔ان ملزمان کا تعلق گجرات، منڈی بہاوالدین اور بہاولپور سے ہے۔مسافر فلائٹ نمبر PK-753 کے ذریعے عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
شک کی بنیاد پر مسافروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔دوران تلاشی مسافروں کی سامان سے برازیل کا جعلی پاسپورٹ، مختلف لوگوں کے اسپین ریزیڈنٹ کارڈ، پاکستانی پاسپورٹ اور اسپین پاسپورٹ برآمد ہوئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے اظہر حسین نامی ایجنٹ سے 1 کروڑ 45 لاکھ روپے کے عوض مذکورہ سفری دستاویزات حاصل کیں۔ایجنٹ اظہر حسین بھی مسافروں کے ہمراہ سفر کر رہا تھا۔
مسافروں کی نشاندہی پر ایجنٹ اظہر حسین کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ملزمان نے مذکورہ سفری دستاویزات پر سعودی عرب سے اسپین جانے کی کوشش کرنا تھی۔ملزمان کو گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی مزید تفتیش جاری ہے۔