جہلم : حساس اداروں کی جانب سے کی جانے والی ایک بڑی کارروائی میں حساس ادارے کے جعلی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے والے نوسرباز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے خود کو حساس ادارے کا بریگیڈیئر، میجر اور ڈائریکٹر ظاہر کر کے سرکاری افسران اور عوام کو فراڈ کا شکار بنایا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم سبط الحسن کمال، جو جہلم کے علاقے سکھا کا رہائشی ہے، ایک طویل عرصے سے مختلف سرکاری افسران کے دفاتر میں جا کر فراڈ کی کارروائیاں کرتا رہا۔ اس نے نہ صرف جعلی سرکاری دستاویزات تیار کر رکھی تھیں بلکہ لوگوں کی زمینوں پر قبضے کروا کر بھاری رقم بھی وصول کرتا تھا۔ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، ایمونیشن، مختلف جعلی پاسپورٹس، زمینوں کے جعلی کاغذات، ویڈیوز اور دیگر اہم دستاویزات برآمد ہوئیں۔۔۔حساس اداروں نے ملزم کے لاہور میں واقع دفتر اور جہلم میں اس کے رہائشی مقام پر چھاپے مارے، جہاں سے بڑی تعداد میں حساس معلومات، خواتین کی ویڈیوز اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا۔ ملزم انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔