جہلم اور چکوال میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں لوگ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ پاک فوج کا ریسکیو آپیشن جاری ہے۔
جہلم کے ڈھوک بدر گاؤں میں برساتی نالے کا پانی داخل ہوگیا۔40سے زائد لوگ پانی میں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کےلیے آپریشن شروع کردیا گیا۔ ریسکیو کرنے کے لیے پاک فوج کا پیلی کاپٹر اور انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔ تمام افراد کو ائیر ایمبولینس کے زریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
اب تک 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ متاثرین کو لائف جیکٹس اور فوری امداد فراہم کی جاری ہے ۔ مقامی انتظامیہ اور فوج مشترکہ طور پر صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو ہوشیار رہنے اور ہدایات پر عمل کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نالے کے قریب مکینوں کو بتادیا تھا کہ محفوظ مقام پر منتقل ہوں۔
دوسری جانب دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر شدید سیلاب کا خدشہ ہے، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک سیلابی ریلے کی آمد متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق چکوال میں 400ملی میٹرسےزائد بارش ہوچکی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔ سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کونکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹرسمیت تمام ذرائع سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، شہریوں کے باحفاظت انخلاتک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔