ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے ایوب میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مانسہرہ گٹی داس چوکی کی پولیس موبائل پر جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے فائرنگ سے زخمی ہونیوالے بہادر پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ۔
ایبٹ آباد: ڈی آئی جی ہزارہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو دی جانیوالے طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور زخمی اہلکاروں کو پھول پیش کئے ۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے زخمیوں کی جرأت و بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس طرح جرائم پیشہ عناصر کا ڈٹ کے مقابلہ کیا ہے آپ سب خراج تحسین کے مستحق ہیں اور ان جرائم پیشہ عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کمپلیکس ڈاکٹر داؤد اقبال نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال کی جانب سے طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ کو آگاہ کیا اور بریفنگ دی ۔
ناصر محمود ستی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے غازی ہمارا قیمتی سرمایہ ہے انکے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کمی کوتاہی نہیں رہنی چاہیے ۔
اس موقع پرانہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور محکمہ پولیس کی جانب سے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔