دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ: اپر کوہستان میں زمینوں کی خریداری کے معاوضوں کے لیے 1 ارب 78 کروڑروپے جاری کردیئے گئے،اس حوالے سے چیک کلکٹر و ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان کے حوالے کردیا گیا ۔
واپڈا کے زیرِ اہتمام دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نےخیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کی تحصیل ہربن بھاشا میں زمینوں کی خریداری کے معاوضوں کے لیے ایک ارب 78 کروڑ روپےسے زائد کا چیک کلکٹر و ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان کے حوالے کردیا ۔
ترجمان دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے مطابق یہ چیک کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں ڈیم سے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران حوالے کیا گیا ۔
اجلاس میں جنرل منیجر لینڈ ایکوزیشن اینڈ ریسٹلمنٹ /ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) شعیب تقی نے ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی موجودگی میں کلکٹر/ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان طارق علی خان کو چیک پیش کیا ۔
یہ رقم ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان متعلقہ زمینوں کی جی آئی ایس رپورٹس، ریونیو اور دیگر ریکارڈ کے مطابق ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد زمین مالکان کو ادائیگی کے لیے استعمال کریں گے ۔
ڈی آئی جی ہزارہ کی زیرصدارت اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لیے تحصیل ہربن بھاشا میں زمینوں کے حصول سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اجلاس میں جنرل منیجر لینڈ ایکوزیشن اینڈ ریسٹلمنٹ و ایچ آر ڈی بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) شعیب تقی، ڈی جی سوشل سیف گارڈ واپڈا میجر (ریٹائرڈ) طارق محمود، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ رحیم شاہ، ضلع انتظامیہ اپر کوہستان کے حکام اور ہربن بھاشا کے مقامی عمائدین نے شرکت کی ۔