راولپنڈی پولیس اور محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی آگاہی واک کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق واک میں ممبر صوبائی اسمبلی زیب النساء، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈاکٹر طیب قریشی، ڈی ایس پی لیگل، ڈی ایس پی ایڈمن، پولیس افسران، ڈاکٹرز، سول سوسائٹی نے شرکت کی۔
واک کا مقصد ڈینگی کی روک تھام کے لئے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
راولپنڈی پولیس نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے زیر نگرانی ڈینگی کی روک تھام اور آگاہی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔
خصوصی ٹیم محکمہ صحت کے ساتھ رابطہ میں رہتے ہوئے ڈینگی کی روک تھام اور آگاہی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ڈینگی بخار جان لیوا ہے، احتیاط کے ذریعے بچاؤ ممکن ہے، اپنے گھروں اور کام کی جگہ پر صفائی کا خیال رکھیں۔چھتوں، کیاریوں، گملوں، ائر کولر وغیرہ سمیت کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر مار ادویات اور سپرے کا استعمال یقینی بنائیں۔شہریوں میں آگاہی پیدا کرکے ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے، بخار کی صورت میں مستند ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔