مظفرآباد میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شہداء کے لواحقین نے پوری قوم کے نام ایک جذباتی اور ولولہ انگیز پیغام دیا۔ شہداء کے اہلِ خانہ نے کہا کہ ہمارے شہیدوں کا بہا ہوا خون اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ پاکستان ہی ہماری پہچان ہے اور یہی ہماری آخری منزل ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہیدوں کی وردی پر لگنے والا خون ہمارے لیے سب سے قیمتی زیور اور سب سے بڑا اعزاز ہے۔ یہ وہ قربانی ہے جو قوم کے لیے ایک روشن چراغ کی مانند ہے، جس کی روشنی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں جگمگا رہی ہے۔
اہلِ خانہ نے عزم ظاہر کیا کہ اگر کبھی ضرورت پڑی تو وہ بھی وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرنے میں لمحہ بھر کی تاخیر نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانی نے ان کے حوصلے مزید بلند کیے ہیں اور وطن سے محبت کو نئی قوت بخشی ہے۔
کشمیری عوام نے بھی اس موقع پر یہ واضح پیغام دیا کہ جس طرح پاکستان کے دیگر صوبوں کے بہادر بیٹوں نے وطن پر اپنی جانیں نچھاور کی ہیں، اسی طرح اہلِ کشمیر نے بھی ہمیشہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور حرمت کے لیے بے مثال اور لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔